اسلام آباد،راولپنڈی( خبر نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستی فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں انہوں نے بتایا کابینہ نے ملک میں جاری معاشی صورتحال کے پیش نظر سرکاری اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے ، حکومت کی ذمہ داری ہے ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع نہ کرے ، آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کی وجہ سے سبسڈی نہیں دے سکتے ،کابینہ اجلاس میں معیشت کی بحالی کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ کے ہر رکن سے اس کی وزارت کے بارے میں بریفنگ لی، ہماری پوری کوشش ہوگی اپنے حلف کی پاسداری کریں، اپنی ذمہ داریاں آئین اور قانون کے مطابق انجام دیں، ملک کو عوام کے منتخب نمائندے ہی چلائیں گے ، چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ، عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ، جب بھی انتخابات ہوں گے نگران حکومت آزادانہ اور شفاف طریقے سے انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کرے گی، انتخابات کے دن پہلا ووٹ نگران وزیراعظم اور پھر کابینہ ارکان ڈالیں گے ، جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا،ریاست اقلیتوں کیساتھ کھڑی ہے ، تمام شہریوں کو برابر انسانی حقوق حاصل ہیں، کابینہ نے ملک میں صوفی ازم کو فروغ دینے پر زور دیا ہے ، نگران وزیراعظم نے واضح کیا اسلام کے نام پر کسی دوسرے مذہب کی تضحیک نہیں ہونے دیں گے ،پی ٹی آئی قیادت کیخلاف مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں، حکومت ان مقدمات میں فریق نہیں، متعلقہ ادارے قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں،مستقبل میں جڑانوالہ جیسے واقعات سے بچنے کیلئے میڈیا اور تعلیمی اداروں کو معاشرے میں رواداری اور ہم آہنگی کوفروغ دینے میں کردار ادا کرنا ہوگا،نگران کابینہ صرف 16 ارکان پر مشتمل ہے جس میں مشیر اور معاونین خصوصی بھی شامل ہیں، نگران حکومت میڈیاپر سنسر شپ پر یقین نہیں رکھتی، ملک میں اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ہدایت کی کہ علاقائی زبانوں میں نشر اور شائع ہونے والے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو انگریزی اور اردو کے برابر ترجیح دی جائے ۔ اپنے بیان میں نگران وزیر اطلاعات نے میڈیا چیفس کے پہلے اجلاس میں ہدایات جاری کیں ۔ نگران وزیر اطلاعات نے سندھی، پشتو، بلوچی، پنجابی سمیت پاکستان کی تمام علاقائی زبانوں کے اخبارات کو بھی مانیٹرنگ ہونے والے میڈیا میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور کہا تمام علاقائی زبانیں ہمارے لئے محترم ہیں، سب کی نمائندگی فیڈریشن کی خوبصورتی کی علامت ہے ۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی راولپنڈی میں سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن)کی رہنما طاہرہ اور نگزیب کی رہائشگاہ پہنچے ۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے سابق وفاقی وزیراطلاعات اورمسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب سے ملاقات کی ۔ سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نگران وزیر اطلاعات بننے پر مرتضی سولنگی کو مبارکبادپیش کی۔مریم اورنگزیب کی جانب سے مرتضیٰ سولنگی کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔