امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن آئندہ پانچ سال کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے 80فیصد ووٹ حاصل کیے۔ وہ جماعت اسلامی کے چھٹے امیر ہیں۔ ان کی مدت امارت اپریل 2029ء تک ہو گی۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جماعت اسلامی پاکستان واحد مذہبی و سیاسی جماعت ہے جس میں پارٹی الیکشن باقاعدگی سے ہوتے ہیں۔ پارٹی کی امارت کے لئے کوئی امیدوار خود کو پیش نہیں کرتا بلکہ اس کے لئے ناموںکا اعلان انتخابی کمشن کرتا ہے۔ملک کی دوسری جماعتوں کے برعکس جماعت اسلامی میں سیاسی وراثت کا بھی کوئی سلسلہ نہیں۔ جماعت کے امیر کا انتخاب کارکردگی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ حالیہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے موجودہ امیر سراج الحق نے انتخابات میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ نو منتخب امیر حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں نشست جیتنے کے باوجود اسے دھاندلی کا نتیجہ قرار دیا اور اعلی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ میں نہیں پی ٹی آئی کا امیدوار کامیاب ہوا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن کی شکل میں جماعت ا سلامی کوایک مضبوط کردار کا نیا چہرہ میسر آیا ہے ۔ حالیہ عام انتخابات کے نتائج کی روشنی میں جماعت اسلامی کا سیاسی احیا بظاہر مشکل دکھائی دیتاہے تاہم حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں اپنی قیادت میںجماعت کو نا صرف بہتر طور منظم کیا بلکہ عملاََفعال بھی بنایا ہے جو جماعت کے سیاسی مستقبل کے لئے نیک شگون ثابت ہو سکتا ہے۔