اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈکوارٹرزکا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدنے آرمی چیف کااستقبال کیا۔ آرمی چیف کوداخلی سکیورٹی اور افغانستان کی جاری صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے ادارے کی کارکردگی اورتیاریوں پراطمینان کااظہارکیا ۔ذرائع کے مطابق چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور آرمی چیف کے سٹاف افسر میجر جنرل عرفان بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے ۔آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی خدمات کو سراہا۔فیض حمید کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی آرمی چیف سے یہ الوداعی ملاقات تھی۔علاوہ ازیں اس حوالے سے گروپ ایڈیٹر روزنامہ 92نیوز ارشاد احمد عارف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز جاکرموجودہ آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کو سراہا،اس لحاظ سے یہ الوداعی ملاقات ہوگئی۔ فیض حمید کا تقرر کورکمانڈر پشاور ہوچکا ہے ،جو کنفیوژن پیدا ہوئی تھی وہ معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔توقع ہے کہ آج یا پرسوں نوٹیفکیشن ہوجائیگا۔علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے اہم ملاقات کی جس کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون ، باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کیساتھ دیرپا تعلقات کا خواہشمند ہے ۔ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان باہمی بات چیت کی روایت کو جاری رکھنے کی خواہش رکھتا ہے ۔ افغانستان میں انسانی بحران سے بچاؤ کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں اور افغانستان کی صورتحال میں کردار کو سراہا جبکہ ہر سطح پر پاکستان کیساتھ سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔