لاہور(اپنے خبر نگار سے ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پنجاب کے انجینئرنگ اداروں اوریو ای ٹی کے الحاق شدہ کالجز میں داخلہ برائے بی ایس سی انجینئرنگ اور بی ایس سی انجینئرنگ ٹیکنالوجی کیلئے مشترکہ انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، یو ای ٹی لاہور سمیت پنجاب بھر میں 13امتحانی مراکز قائم کئے گئے جن میں 46 ہزار سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا، یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں 13 ہزار 550 ، کالا شاہ کاکوکیمپس میں 3 ہزار 228،بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں 4 ہزار 322، ، اسلام آباد میں 5ہزار 891،فیصل آباد میں 5 ہزار 532، ٹیکسلا میں 2 ہزار 811، ساہیوال میں 2 ہزار 509، رحیم یار خان میں ایک ہزار 198، بہاولپور میں ایک ہزار 533، میانوالی میں 598، این ایف سی آئی ای ٹی ملتان میں ایک ہزار 554 اور رسول میں 335 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، نتائج کا اعلان 21 اور 22 جولائی2019کی درمیانی رات یو ای ٹی کی ویب سائٹ پر کردیا جائے گا، تمام سوالات کے جوابات ویب سائٹ پر 14اور15جولائی کی درمیانی رات اپ لوڈ کر دئیے جائینگے ، امیدوار کویہ سہولت بھی حاصل ہے کہ وہ اپنی تسلی کیلئے جوابی کاپی کی سیلف مارکنگ خود بھی کر سکتا ہے ۔یاد رہے رواں سال ایف ایس سی پری میڈیکل کے طلبا نے بھی داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی، وی سی یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرورنے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انٹری ٹیسٹ میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ، ٹیسٹ کے موقع پر والدین اور لواحقین اپنے بچوں کیلئے دعائیں مانگتے نظر آئے ، خصوصاً ماؤں نے اپنے ہاتھوں میں تسبیح پکڑ رکھی تھیں۔