وزیر اعلیٰ پنجاب ریلیف پروگرام کے تحت سستی روٹی فراہم کرنے میں گڑ بڑ کی شکایات پر لاہور میں 1321مقامات کی چیکنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 31 گرفتاریاں ہوئیں۔حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سستی روٹی کا اعلان کر رکھا ہے،لیکن ابھی تک نئی اور سستی گندم مارکیٹ میں نہیں آئی ۔ایک تندور والا مہنگے داموں گندم خرید کر سستی روٹی کیسے دے سکتا ہے ؟ ہمارے ہاں پیسہ اس قدر ڈی ویلیو ہو چکا ہے کہ اب روپے کی کوئی قدر ہی نہیں لیکن حکومت نے 16 روپے روٹی کی قیمت کر رکھی ہے ۔ریز گاری نہ ہونے پراب ایک روپیہ دکاندارکو گاہک کیسے دے گا ؟ یا دکانداربقایاکیسے واپس کرے گا ؟ حکومت کو اس پر بھی غور کرنا چاہیے ۔اس کے علاوہ حکومتی کارندے چھوٹے گلی محلے کے ہوٹلوں پر چھاپے مار رہے ہیں مگر آج تک کسی نے بھی بڑے ہوٹل پر چھاپہ نہیں مارا۔ حکومت کو بھی اپنی ادائوں پر غور کرنا چاہیے۔ ایسا ماحول نہ بنائیں کہ سبھی چھوٹے تاجر حکومت کے خلاف صف آرا ء ہو جائیں ۔لاہور میں روٹی و نان کی قیمتوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کو 10 لاکھ 37 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ایک تندور کا مالک جس کی ایک دن کی کمائی پانچ ہزار نہیں اسے 5000جرمانہ کیا جا رہا ہے ۔قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے لیکن پہلے تندور مالکان کو سستا آٹا فراہم کریں بعد میں ان سے مرضی کی قیمت رکھوائیں ۔