لاہور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان (نیازی) کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ملک شہباز احمد نے کہا ہے کہ ملک ایک ہیجان اور بحران کا شکار ہے ، بے چینی انتشار، مہنگائی، ہڑتالیں، کاروباری سرگرمیوں کا تعطل حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ اس لیے دئیے تھے کہ شاید ان کی زندگیوں پر چھائی کالی رات اجالے میں بدل سکے ۔ غربت و بے روزگاری، بیماری و لاچاری کی منحوس زنجیروں سے انہیں آزادی ملے اور فرحت و مسرت، امن و خوشحالی کی فضائیں انہیں میسر آئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر امجد حسین چشتی، پیر اختر رسول قادری دیگر موجود تھے ۔رہنماؤں نے کہا کہ سستی تعلیم، انصاف، روزگار ملے اور اذیت ناک شب و روز سے چھٹکارا پائیں۔ ملکی دولت واپس لائی جائے اور غریوں، مجبوروں کی داد رسی کی جائے مگر ایسا کچھ بھی ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔