کراچی (کامرس رپورٹر)وزیر اعظم کے دورہ چین کے تناظر میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کوزبردست تیزی کا رجحان رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 34 ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 503.96 پوائنٹس اضافے سے 34027.70پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ 61.75 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے باعث سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب 3 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئے اورکاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 10.04 فیصدزائد رہا ۔گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے معاشی بہتری کے توقعات کے پیش نظرحکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، فوڈز، بینکنگ،سیمنٹ،اسٹیل اورکیمیکل سیکٹر سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں سرمایہ کاری کی گئی جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوااورٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 34048پوائنٹس کی بلندسطح پر پہنچ گیاتاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر براقرارنہ رہ سکا لیکن تیزی کارجحان غالب رہا اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 503.96پوائنٹس اضافے سے 34027.70 پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 208.76 پوائنٹس اضافے سے 15963.52 پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 985.61پوائنٹس اضافے سے 54473.58 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 386.81 پوائنٹس اضافے سے 24574.58پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر400کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 247کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 132 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 21 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب 3ارب 25 کروڑ 96 لاکھ 68 ہزار 191روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر67کھرب 11ارب 59کروڑ 95 لاکھ 38 ہزار 600 روپے ہوگئی۔جمعرات کومجموعی طور پر26 کروڑ 15لاکھ 61ہزار 220شیئرز کا کاروبارہوا،جوبدھ کی نسبت 2کروڑ 38لاکھ 84 ہزا ر 260شیئرززائدہیں۔