لاہور(اپنے رپورٹر سے )پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کی جانب سے عوام کو مفت اور معیاری تفریحی سہولیات مہیا کر نے لیے 12 پارکوں کی تزئین و آرائش اور چوکوں ، چوراہوں اور گول چکروں کو خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان پارکوں میں خصوصی طور پر 6پارکوں کو بچوں اور خواتین کے لیے مختص کرتے ہوئے فیملی پارک کے طور پر ڈکلئیر کیا جائے گا۔ ان تمام پارکوں میں دور حاضر کی ضروریات سے متعلق تمام اشیائمہیا کی جائیں گی۔ بچوں کے لیے جھولے نصب کیے جائیں گے ۔ ہارٹیکلچر لینڈ سکیپ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان پارکوں میں زبیدہ پارک سمن آباد، زکریا پارک سمن آباد، جناح کالونی پارک، فیملی پارک سمن آباد، اے بلاک پارک سبزہ زار ودیگر شامل ہیں۔ ان پارکوں کے علاوہ پی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے تمام چوکوں ، چوراہوں اور گول چکروں کو خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کے لیے کام شروع کیا جائے گا جس کا آغاز کچھ ہی عرصہ میں لاہور کی تمام بڑی شاہراوں سے کر دیا جائے گا۔ جس کے لیے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر فیصل ظہورکی جانب سے متعلقہ ڈائریکٹران اور عملہ کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔