اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت کانگو میں تعینات پاکستانی فوجیوں کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی افسروں اور جوانوں سمیت 8 اہلکار شہید ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا پوما ہیلی کاپٹر نگرانی کے مشن پر تھا۔ حادثے میں پاک فوج کے 6افسروں اور جوانوں سمیت امن مشن پر مامور 8اہلکار شہید ہوئے ۔ پاک ایوی ایشن یونٹ یو این امن مشن کانگو میں 2011 سے تعینات ہے ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق حادثے کی اصل وجہ کے بار ے میں ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ۔ شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل آصف، میجرسعد، معاون پائلٹ میجر فیضان علی، نائب صوبیدار سمیع اللہ خان، حوالدار محمد اسماعیل، کریو چیف محمد جمیل شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایوی ایشن یونٹ اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں 2011 سے تعینات ہیں، پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے ، پاکستان یو این امن مشنز میں فروغ امن میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کر رہا ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے کانگو امن مشن میں تعینات افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک پیغام میں انہوں نے افواج پاکستان کی عالمی امن کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔اے پی کے مطابق دیگر2فوجیوں کاتعلق روس اور سربیاسے ہے ۔