اسلام آباد( خبر نگار خصوصی ،92 نیوزرپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی کے کہنے پر عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی،ق لیگ سے آخری ملاقات اہم تھی جس میں مونس الہٰی کے مطالبات کو تسلیم کیا، علیم اور ترین گروپ سمیت پی ٹی آئی کی اکثریت پرویز الٰہی کوووٹ نہیں دے گی کیونکہ تحریک انصاف میں بزدار گروپ بھی سامنے آگیا ہے ، علیم خان اچھے انسان ہیں وہ وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں، شیخ رشید کے مشوروں پر عمل ہوجاتا تو شاید ہمارے لئے کچھ مشکلات ہوجاتیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد کے پاس 172 ووٹ پورے ہو چکے ہیں،طارق بشیر چیمہ سمیت ق لیگ کے 3 ووٹ اپوزیشن کو ملیں گے ،حکومت کے پاس 6 روز رہ گئے ، انہیں چاہئے اپنا بوریا بستر باندھ کر چلے جائیں ، جام جوکھیو، علی وزیر، اسلم بھوتانی کے ووٹ ہمیں ملیں گے ، بی اے پی ہمارے ساتھ ہے ، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کو شاید ہمیں ساتھ ملانے کی ضرورت نہ پڑے ،منحرف اراکین میں بھی 5 ایسے ہیں جو آزاد لڑ کر آئے ، ان کو عمران خان نہیں کہ سکتا کہ وہ میرے ووٹ پر ایوان میں آیا ،شاہ محمود کے گھر سے بھی ہمیں ایک ووٹ ملے گا، پرویز خٹک، اسد عمر اور فواد اپنے بھائیوں سے کہیں عمران خان کو سپورٹ کریں ۔