حکومت نے ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر 4مارچ سے 7ارب 49کروڑ روپے کے رمضان پیکیج پر عملدرآمد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 19اشیاء پر رعایت کے ساتھ ساتھ مستحقین کو نقد امداد بھی دی جائے گی۔ ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے مطابق رمضان المبارک سے پہلے یو ایس سی نے مختلف برانڈز کے گھی‘ کوکنگ آئل میں 4سے 100روپے فی لٹر /کلو اور چائے کی قیمت میں 100روپے فی 800گرام پیک کمی کر دی ہے۔ اس میں شبہ بھی نہیں کہ اربوں کا رمضان پیکیج غریب عوام کے لئے انتہائی دلکشی کا حامل ہے لیکن اس کا فائدہ عام آدمی کو اس وقت ہو گا جب رمضان المبارک میں اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ رمضان المبارک پیکیج کا اعلان ہر سال کیا جاتا ہے لیکن ان سٹوروں پر شہریوں کی جانب سے کئی اشیاء کی عدم دستیابی کی شکایات سامنے آنے لگتی ہیں۔ دوسری جانب ذخیرہ اندوز اور نا جائز منافع خور رمضان میں کثرت سے گھروں میں استعمال ہونے والی اشیا ،پھل اور سبزیاں بازاروں اور دکانوں سے غائب کر دیتے ہیں یا اتنی مہنگی کر دیتے ہیں کہ یہ غریب روزہ داروں کی پہنچ سے دور ہو جاتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ رمضان المبارک میںنا صرف یوٹیلٹی سٹورز پر تمام رعائتی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے بلکہ محکمہ خوراک اور متعلقہ محکموں کے افسران عام بازاروں کے بھی روزانہ کی بنیاد پر دورے کریں اور ناجائز منافع خوروںکے خلاف کارروائی کریں۔