خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم نے کلاس روم میں اساتذہ کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے ۔ اس سلسلہ میں مراسلہ تمام ڈی ای اوز کو ارسال کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون کے استعمال سے طلباء پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تمام اساتذہ صبح کے وقت موبائل فون سکول سربراہان کو جمع کرائیں گے اور ایمرجنسی کے صورت میں وہ پی ٹی سی ایل لینڈ لائن استعمال کر سکیں گے۔ اس میں شبہ نہیں سکولوں میں ایک خاص تعلیمی ماحول ہونا ضروری ہے ، یہی وہ جگہیں ہیں جہاں بچوں کی تربیت ہوتی ہے اور عادات تشکیل پاتی ہیں۔ طلبا کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت میں ا ساتذہ کا کردار سب سے اہم ہے اور طلبہ کو خالصتاََ تعلیمی ماحول فراہم کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ نو عمری میں طلبہ کے اساتذہ ہی ان کے آئیڈیل ہوتے ہیں اور وہ حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی عادات بھی اختیار کر لیتے ہیں۔ لہٰذا اساتذہ کو طلبہ کے لیے ایسی شاندار روایات قائم کرنی چاہئیں جن پر چل کر طلبہ معاشرہ کے مفید شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔ کلاس رومز میں اساتذہ پر موبائل فون استعمال نہ کرنے کی پابندی احسن اقدام ہے لیکن موبائل فونز لانے والے طلبہ کو بھی سکول پہنچنے پر موبائل فونز انتظامیہ کے پاس جمع کرانے کا پابند بنایاجائے جوسکول ٹائم ختم ہونے پر ا نہیں واپس کر دیے جائیں تاکہ طلبہ تعلیم کے حصول پر بھر پور توجہ سے سکیں۔