ملک بھر میں27فروری بروز منگل کو یوم للکارمنایا گیا ، اس دن کے حوالے سے ملک بھر میںمنعقدہ تقریبات میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔یاد رہے کہ 5 برس قبل 26 فروری کو پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں بھارتی جہازوں کے پے لوڈ گرانے کے بعد بھارت نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے پاکستان میں 300 سے زائد انتہا پسند مار دیے ہیں لیکن پاکستان نے ان تمام دعوؤں کی تردید کی اور بالاکوٹ میں اس جگہ غیرملکی صحافیوں، ملٹری اتاشیوں اور سفراء کو لے جا کر معائنہ کروایا کہ بھارتی بم جنگل میں ایسی جگہ گرے جہاں کوئی شخص یا کیمپ موجود نہیں تھا۔بھارت کی اس حرکت کے جواب افواج پاکستان نے اعلان کیا تھا کہپاکستان کی جانب سے جواب دیا جائے گا لیکن ا س کے لیے وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے ۔پھر دنیا نے دیکھا کہ 27 فروری 2019ء کو پاکستان نے دن کی روشنی میں بھارتی فضائیہ کے جہاز مار گرائے اور ایک پائلٹ ابھی نندن گرفتار کیا۔ پاکستانی افواج نے 27 فروری2019ء کو بھارت سمیت دنیا بھر کو دکھا دیا کہ پاکستان اپنے دشمنوں کو کس طرح سرپرائز دیتاہے،بھارت اس دن کو ’ندامت‘ کے طور پر یاد رکھے گا ۔بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو27فروری کو سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیاگیا تھا ،27 فروری ایک ایسا دن ہے جو پاکستان دشمن کو ناکوں چنے چبوانے پر احساس تفاخرکے طور پر جب کہ بھارت شرمندگی کے طور پر یاد رکھے گا۔