وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کو دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے خصوصی سکیورٹی فورس بنانے کا قدم حالیہ مہینوں میں ملک کے اندر غیر ملکیوں بالخصوص چینی شہریوں پر حملوں کے بعد اٹھایا جا رہا ہے۔حالیہ دنوں میں غیر ملکیوں پر دو حملے ہوئے ہیں ایک حملے میں کئی چینی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دوسرا حملہ خود کش تھا ،جس میں جاپانی شہری نشانہ تھے جو خوش قسمتی کے ساتھ بچ گئے جبکہ اس حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوا ہے ۔اگر دیکھا جائے تو غیر ملکیوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی ہونی چاہیے ،پاکستان میں اس کی کمی ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہے ،دشمن قوتیں اس کو نقصان پہنچانے کی کوشش میںہیں لیکن پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ چین اور پاکستان سدا بہار کے دوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کے رشتے ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں ۔اسی طرح دیگر غیر ملکی بھی ہمارے مہمان ہیں ۔لہذا مہمانوں کی سیکورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اسی بنا پر ایک نئی فورس تشکیل دی جا رہی ہے جو صرف اور صرف غیر ملکیوں کی حفاظت یقینی بنائے گی ۔