لاہور(احتشام الحق)قومی کرکٹ سکواڈ کی انگلینڈ میں کورونا ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا۔ سکواڈ میں شامل 20 کھلاڑیوں اور 12 ٹیم آفیشلز کے ٹیسٹ ای سی بی کے میڈیکل پینل نے لیے ۔پہلے ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں کا پانچ بار کورونا ٹیسٹ ہو گا۔ پاکستانی ٹیم کی قرنطینہ بلڈنگ کے ساتھ ایک چھوٹا سا کرکٹ گراؤنڈ بھی ہے ۔ 14 روز قرنطینہ میں گزارنے کے بعد قومی ٹیم ڈربی کے لیے روانہ ہو گا جہاں کھلاڑی ٹور کا آغاز پریکٹس میچ سے کریں گے ۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز ہو گی ،پہلا ٹیسٹ میچ پانچ اگست سے شروع ہو گا۔20 رکنی قومی سکواڈ کیساتھ مصباح الحق سمیت گیارہ ٹیم آفیشلز بھی چارٹرڈ طیارے سے انگلینڈ پہنچے ہیں ۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور انکی اہلیہ بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں میں اظہر علی ،بابر اعظم ،فہیم اشرف ،فواد عالم ، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسی خان،اسد شفیق ،نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، عابد علی،شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں ۔