دہشتگردوں کو اپنی سرزمین کو پاک کرنے کے مشن کے دوران کرنل محمد حسن حیدر اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جانوں کو وطن پر قربان کر دیا ۔ یہ واقعہ پختون خواہ کی وادی تیراہ میں پیش آیا،جب اپنے مکروہ چہروں پر نقاب چڑھائے دہشت گردوں نے پاک فوج کے بہادر افسر و جوانوں پر فائرنگ کر دی اس وقت پاک فوج کا ایک دستہ ا دہشت گردوں کے خلاف کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں آپریشن میں حصہ لے رہا تھا دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور 3 فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں جبکہ تینوں دہشت گرد بھی اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ گئے جبکہ 3 دہشت گرد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں باقی دہشتگردوں کا صفایا کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مستحکم بناتی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں سالہ43 لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر‘ رہائشی اسلام آباد کے علاوہ نائیک خوشدل خان عمر 31 سال رہائشی ضلع لکی مروت‘ نائیک رفیق خان عمر 27 سال رہائشی ڈسٹرکٹ چارسدہ اور لانس نائیک عبدالقادر عمر 33 سال‘ ضلع مری کا رہائشی شامل ہیں۔ سابق وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ‘ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی‘ وزیر اطلاعات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی‘ سابق صدر پاکستان آصف زرداری اور پی ڈی ایم کے سابق صدر مولانا فضل الرحمن نے اظہار افسوس کرتے حملے کی شدید مذمت کی۔ قومی رہنماوئں نے کہا ہے کہ یہ شہداء قوم کے اصل ہیرو ہیں۔ پوری قوم پاک فوج کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ نگران وزیراعظم نے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ نگران وزیراعظم نے شہداء اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے تیراہ میں وطن کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ ملک کے امن کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر کی نماز جنازہ پشاور گیریڑن میں ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تمام شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت حاضر سروس افسروں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے نے شرکت کی ہے ۔لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور ان کے ساتھیوں کی شہادت ، دفاع وطن کے لئے،ملک کے امن کے لئے،دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے اور اپنے معصوم شہریوں کو ان دہشت گردوں کے سفاکانہ خود کش حملوں سے بچانے کے لیے ہے ۔ ہماری بہادر فوج کے ان بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی تو دی ہے یہ ایک مشن پر ایک نظریے پر ایک اعلی و ارفع مقصد کے لئے قربانی ہے ۔ہمارے ان سجیلے جوانوں نے دہشت گردوں کو بھی واصل جہنم کر کے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔ان کی انے والی نسلوں کو بھی دہشت گردوں کے خاندانوں کے طور پر لوگوں کی نظر میں نفرت و حقارت کی علامت بنا دیا ۔ دہشت گرد انسانیت کے قاتل اور امن کے دشمن ہیں۔ نہ تو یہ مسلمان ہیں اور نہ ان کا کوئی مذہب ہے یہ پاکستان کے دشمنوں کے آلہ کار بن کر چھپ کر گھات لگا کر حملے کرنے والے بزدل ہیں جبکہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور ان کے ساتھیوں نے ایک مشن کی تکمیل کے لیے جان دی ہے لیفٹیننٹ کرنل حسن حیدر سمیت پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے ہزاروں شہدا نے جانیں وطن کے لئے قربان کی ہیں وطن کی مٹی کو ناپاک لوگوں ناپاک عزائم رکھنے والوں سے پاک کرنے کے لئے قربانیاں دی ہیں ہمارے ان شہدا کے پاک لہو سے وطن کے گلستان میں امن کی بہار آئے گی اور اس امن کی بہار میں ان کے عظیم ورثاء اور پاکستان کے کروڑوں عوام سکھ کا سانس لیں گے چین کی نیند سوئیں گے۔ یہ شہدا بھی امر ہیں اور یہ زندہ ہیں ۔یہ شہداء اہل وطن سے مخاطب ہوں گے کہ ہمارا خون بھی شامل ہے تزہین گلستان میں ہمیں بھی یاد کر لینا چمن میں جب بہار آئے پاک فوج کا پاک فوج کے افسروں کا جوانوں کا اور سپہ سالار کا پختہ عزم ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ مشن عظیم جاری رہے گا۔ دہشت گردوں کے حملے اپنی پسپائی کو اپنی خفت و ناکامی کو مٹانے کے لیے آخری حربے ہیں جس میں وہ ناکام ہوں گے۔ پاک فوج کو اللہ تعالٰی کامیابی سے نوازے گا ۔وادی تیراہ میں چھپے ان دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو ان کی پشت پناہوں کو اور پشت پناہی کرنے والوں کو بھی نشان عبرت بننا ہو گا تاکہ آئندہ یہ دہشت گرد ہماری صفوں میں چھپ کر ہم پر وار کرنے کے قابل نہ رہیں اور چمن میں ان دہشت گردوں نے جو آگ لگائی ہے اس کو بجھانا ہو گا ۔ ہمارے افسروں اور جوانوں کا عزم بلند ہے اور وہ ہم سے مخاطب ہو کر دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں کہ ہمارا عزم اتنا بلند ہے کہ ہمیں پرائے شعلوں کا ڈر نہیں ہمیں خوف آتش گل سے ہے کہیں یہ چمن کوجلا نہ دے ہم پاک فوج کے ان شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارے شہدا کا پاک لہو ملک میں امن کے دیئے جلائے گا ،جن کی روشنی سے پاکستان منور ہو گا 25 کروڑ عوام آپ کے وارث ہیں آپ کی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں پاک فوج زندہ باد۔