میلبورن(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے عبوری کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس بہت اچھے فاسٹ بائولر ہیں، شاہین آفریدی بہت بہتر ہورہے ہیں، ہمارے پاس بھی اچھے فاسٹ بائولر ہیں، دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔دورۂ پاکستان سے قبل غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا کہ پاکستان روانگی سے قبل ہم نے تمام پلانز پر اپنا کام مکمل کیا ہے ، پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھ رہے ہیں ان سے بھی بہت معلومات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بنیادی چیزوں پر کام مکمل کیا ہے ، ٹرننگ پچز اور گھاس والی پچز بھی ذہن میں ہیں، ہمارا سکواڈ متوازن ہے ، کنڈیشنر کے مطابق ہمارے پاس آپشنز ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کیمرون گرین پر بولنگ کا پریشر بڑھ سکتا ہے جبکہ ڈیوڈ وارنر کے ساتھ عثمان خواجہ ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کریں گے ۔اینڈریو میکڈونلڈ نے یہ بھی کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ پاکستان ٹیم پاکستان میں کھیلتے ہوئے مختلف ہوگی یا یو اے ای میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم ہوگی۔آسٹریلیا کے عبوری کوچ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے بارے میں پیش گوئی نہیں کی جاسکتی لیکن اس وقت یہ اپنی کنڈیشنر میں کھیل رہی ہے ، یہ بات سب کو پتہ ہے کہ آسٹریلوی ٹیم برصغیر میں مشکلات کا سامنا کرتی ہے ۔