وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے پاسپورٹ کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد سمیت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور بڑے شہروں میں پاسپورٹ دفاتر کے دورہ کے لئے گزشتہ روز ٹیمیں روانہ کر دیں۔ وفاقی محتسب کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر اور غفلت ناقابل برداشت ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ پاسپورٹ کے حصول کے لئے جن شہریوں نے کئی ماہ پہلے درخواستیں جمع کرائی ہیں ان میں سے بھی بیشتر کو محکمہ کی جانب سے پاسپورٹ جاری نہیں کئے گئے۔ ڈیڑھ دو ماہ پہلے بھی انہی سطور میں گزارش کی گئی تھی کہ پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر کی وجہ سے نا صرف غیر ممالک جانے و الوں خصوصا تعلیم کے حصول کے لئے بیرون ممالک جانے والے طلبہ کو پریشانی کا سامنا ہے بلکہ اس قسم کی تاخیر حج آپریشن کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ ماضی میں بھی پاسپورٹ کے اجراء میں ایسی مصنوعی تاخیر کی شکایات سامنے آ نے پر جب تحقیقات کی گئیں تو اس میں پاسپورٹ کا عملہ ملوث پایا گیا تھا جو عوام سے پیسے بٹور رہا تھا۔ لہذاضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام ان پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کی شکایات پر توجہ دیں اور جو عملہ اس میں ملوث ہے ا س کے بارے میں وفاقی محتسب کے دفتر کو رپورٹ کیا جائے۔ متعلقہ حکام اس سلسلہ میں معلومات وفاقی محتسب کو فراہم کریں تاکہ مسئلے کا فوری حل تلاش کیا جا سکے۔