لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاک آسٹریلیا سیریز کے قذافی سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بلے باز کھیل پر چھائے رہے ,آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالیے ۔لاہور ٹیسٹ کا دوسرا روزبلے بازوں کے نام رہا۔ دوسرے روز مجموعی طور پر 249 رنز اسکور ہوئے جبکہ چھ وکٹیں گریں۔آسٹریلیا نے 232 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم چائے وقفے سے قبل391 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ کرس گرین 79 اور ایلیکس کیری 67 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے چار چار جبکہ نعمان علی اور ساجد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔391 رنزکے تعاقب میں امام الحق 11 رنز بناکر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔تا ہم عبداللہ اور اظہر نے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیرسکور کو 90 رنز تک پہنچا دیا۔کھیل کے اختتام پر عبداللہ شفیق 45 اور اظہر علی 30 رنزکے بنا کر وکٹ پر موجود تھے ۔ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگ کے سکور 391 رنز سے 301 رنز پیچھے ہے اور ابھی اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔