پشاور(خبرنگار) وادی چترال کے پرفضا مقام مداقلشت میں ہونیو الے ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول میں مختلف مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ، غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کی کثیر تعداد ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول سے محظوظ ہونے مداقلشت پہنچ گئے ہیں، اس موقع پرپاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گیلمور نے مداقلشت وادی میں صفائی مہم میں حصہ لیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے بچوں میں برفانی کھیلوں سکیئنگ ، آئس ہاکی، سنو بورڈنگ میں کافی دلچسپی پائی جاتی ہے ۔ اس سلسلے میں یہاں کی آبادی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا وادی مداقلشت خیبرپختونخوا اور چترال کی حسین وادی ہے ۔سطح سمندر سے 8500 فٹ بلندی پر واقع وادی مداقلشت سیاحت کیلئے بین الاقوامی سیاحتی مقام قرار دیا گیا ہے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبرپختونخوا ، ضلعی انتظامیہ چترال اور ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے باہمی تعاون سے جاری ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول میں آئس ہاکی کے مقابلے ہوئے جس میں مقامی کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے ۔ فیسٹیول میں ملکی و غیر ملکی سیاح مداقلشت پہنچ کر سنو فیسٹیول میں مختلف کھیلوں سے محظوظ ہو رہے ہیں ۔فیسٹیول میں سکینگ کے مقابلوں میں 500 سے زائد مقامی و دیگرکھلاڑیوں سمیت 10 غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک ہیں جن میں 5سکیئنگ کھلاڑی اور 5 سنوبورڈرزکھلاڑی و ماہرین شامل ہیں فیسٹیول کی اختتامی تقریب آج ہوگی جس میں فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائینگے ۔