لاہور(سپورٹس رپورٹر )آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان میں شامل تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا گیا ہے ۔سیریز میں شامل تین ٹیسٹ میچز میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اور پی سی بی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے کو اس سیریز کے لئے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے ۔پی سی بی کے امپائر برائے 2020 اور 2021 کا ایوارڈ وصول کرنے والے آصف یعقوب سیریز کے پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹی وی امپائر کے فرائض انجام دیں گے ۔ دوسرے ٹیسٹ میں یہ ذمہ داریاں راشد ریاض نبھائیں گے ۔یہ دونوں امپائرز سیریز میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں احسن رضا اور علیم ڈار کے ساتھ آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریوں کا تبادلہ بھی کریں گے ۔ وائٹ بال سیریز میں میچ ریفری کے فرائض جاوید ملک ادا کریں گے ۔