کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کے نئے ریکارڈ کی بدولت 8 وکٹوں پر 505 رنز بنا لئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر مچل سٹارک 28 رنز اور پیٹ کمنز بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز اپنی پہلی نامکمل اننگز سے 215 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو عثمان خواجہ 127 اور ناتھن لیون صفر پر بیٹنگ کر رہے تھے ۔دونوں بیٹرز نے اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا لیکن 304 کے مجموعے پر ناتھن لیون 38 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ٹریوس ہیڈ بھی 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خواجہ 160 رنز کی شاندا اننگز کھیل کر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے ، وہ نیشنل سٹیڈیم میں سب سے طویل بیٹنگ کرنے والے آسٹریلوی پلیئر بن گئے ۔ انہوں نے 400 منٹ سے زائد وکٹ پر رہ کر ریکارڈ قائم کیا ،ان سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے سب سے طویل اننگز بوب سمپسن نے کھیلی تھی،بوب سمپسن نے 1964 میں کراچی ٹیسٹ میں 405 منٹ وکٹ پر قیام کیا تھا۔کیمرون گرین کو 28 کے انفرادی سکور پر نعمان علی نے بولڈ کیا، ایلکس کیری نے 93 رنز کی اننگز کھیلی اور بابر اعظم کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو جب کہ نعمان علی، حسن علی اور بابر اعظم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔آج کھیل کاتیسرا روز ہے ۔