آزاد کشمیر ضلع میرپور کے معروف نواحی تجارتی قصبے جاتلاں کھڑی شریف میں اپنی طرز کا ایک جدید ترین لیبارٹری و دیگر سہولتیں سے آراستہ ایک بہترین چیرٹی ادارہ کشمیر انٹرنیشنل ریلیف فنڈ کمیونٹی ہسپتال گرد و نواع کے عوام کے لئے کسی بڑی نعمت سے کم نہیں۔ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں یا کسی ٹریفک حادثہ ی کی صورت میں یہ چیرٹی ادارہ اپنے فرض شناس اور محنتی عملہ کی صورت میں خدمت کے لیے چوبیس گھنٹے کوشاں رہتا ہے۔کھڑی شریف و گرد و نواح کی 10 کلو میٹر کے ایریا کے سو سے زائد دیہات کے ہزاروں افراد کے لیے سرکاری سطح پر ایک رورل ہیلتھ سنٹر کے علاوہ کوئی ہسپتال نہیں اس سرکاری رورل ہیلتھ سنٹر میں بھی سہولیات کا فقدان ہے۔ گزشتہ 20 سال سے یہ ادارہ کامیابی و ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہے۔ دوسال قبل کشمیر انٹرنیشنل ریلیف فنڈ تنظیم کے تحت فری کڈنی ڈائیلائسز سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا دو سال کے عرصے میں گیارہ ڈائلسز مشینوں پر ہزاروں مریضوں کے مفت ڈائلسز کیے گئے ہیں۔ اس وقت کشمیر انٹرنیشنل ریلیف فنڈ کمیونٹی ہسپتال و فری کڈنی ڈائلسز سنٹر کی طرف علاج و معالجہ کے لیے عوام کی نظریں اٹھتی ہیں۔ برطانیہ کی چند معروف سماجی شخصیات چوہدری رشید علی، چوہدری اسلم راجہ، الیاس ساجد رمضان و دیگر سوشل تنظیموں کی طرف سے اس ادارے کو ملنے والے عطیات اس ادارے کو چلانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ جاتلاں و گرد و نواح کے علاقوں کے مخیر حضرات کے تعاون سے بھی ہر سال اس ادارہ سے 50 ہزار کے قریب مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ زکوۃ کے مستحق مریضوں کا یہاں مفت علاج کیا جاتا ھے۔ مفت کارڈ حق دار مریضوں کو جاری کیے گئے ہیں جن کی تعداد سینکڑوں میں ہے ۔سال 2002ء سے یہ سماجی تنظیم آزاد کشمیر بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ اس وقت یہی تنظیم اپنے عہدے داران و ممبران گورننگ باڈی کی مشاورت سے ہسپتال و ڈائلسز سنٹر کے معاملات کی دیکھ بھال کر رہی ہے، مسائل و مشکلات کو حل کرنے کے لیے والنٹیرز کے طور پر سب ممبران دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں کڈنی ڈائلسز سنٹر جون 2021ء سے ہر خاص و عام کو فری ڈائلسز کی سہولت نہایت خوش اسلوبی سے بہم پہنچا رہا ہے اس وقت تک 5,000 ہزار سے زائد مریضوں کے ڈائلسز کیے جا چکے ہیں۔کمیونٹی ہسپتال و ڈائلسز سنٹر کے جملہ معاملات کو چلانے کے لئے ایک میڈیکل ڈائریکٹر موجود ہیں جو کہ آزاد کشمیر کے محکمہ صحت سے ایک بڑے عہدے پر فائز رہے ہیں۔میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس ایک مشنری جذبے سے مکمل یکسوئی کے ساتھ معاملات کو چلا رہے ہیں۔ ان کی سربراہی میں جہاں کمیونٹی ہسپتال کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے وہاں زچگی کے عمل میں نوزائیدہ بچوں کی فوری نگہداشت کے لیے نوزائیدہ وارڈ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ جس کا افتتاح اس سماجی تنظیم کے سرپرست اعلی چوہدری رشید علی نے کیا۔ حال ہی میں یہاں پر انڈو اسکوپی کی سہولت کا افتتاح راجہ فدا حسین ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپور نے کیا تھا۔ ڈاکٹر صداقت کی نگرانی میں خوراک کی نالی اور معدے کے امراض کے ساتھ ساتھ سانس کی نالی کے تکلیف کا علاج انڈو اسکوپی کے ذریعے کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عبدالقدوس میڈیکل ڈائریکٹر/ایڈمنسٹریٹر کڈنی ڈائلسز سنٹر کے جملہ امور کو بطریق احسن چلانے کے لیے بھی ہر وقت کوشاں رہتے ہیں۔ یہاں پر اس بات کا تذکرہ بھی بے محل نہیں ہو گا کہ کڈنی ڈائلسز سنٹر کے قیام کے ساتھ ہی مریضوں کو اور قریب کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت ، انتظامیہ کی درخواست پر چیرمین کورٹ چوہدری اختر نے کسی ڈونر کے توسط سے فراہم کی ہے۔ گزشتہ ماہ ایکٹ انٹر نیشنل اسلام آباد کے صدر مبشر نبی ساجد صاحب پروگرام ہیڈ ساجد محمود اور ان کی ٹیم نے بھی اس ادارے کا وزٹ کیا اور اس ادارہ کی طرف سے فراہم کردہ معلومات علاج و معالجہ کی سہولیات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی تنظیم کی طرف سے جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی جس سے امراض کی تشخیص میں آسانی ہو گی۔ کمیونٹی ہسپتال کے عملے میں ایک میڈیکل ڈائریکٹر ایک معروف ماہر امراض نسواں ڈاکٹر انیلہ ثاقب 4 میڈیکل آفیسر 22 نرسنگ اسٹاف 26 دیگر نان ٹیکنیکل اسٹاف شامل ہے۔ کشمیر انٹرنیشنل ریلیف فنڈ آرگنائزیشن کی ساخت کچھ یوں ہے 28 رضا کار ہیں عہدے داران کی تعداد 7 ہے ممبران کی تعداد 14 ہے دیگر ممبران کی تعداد 07 ہے اور یہ سب رضا کارانہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں اس ادارے کے ہیومن ریسورس کی تعداد 73 ہے۔کشمیر انٹرنیشنل ریلیف فنڈ آزاد کشمیر کے پراجیکٹس کی اور عملے کی تفصیل یہاں اس لیے بیان کی گئی ہے تا کہ لوگوں کو آگاہی حاصل ہو یہ چیرٹی ادارہ مختلف علاقوں کے مستحق لوگوں کو جہاں علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے وہاں غریب و نادار مستحق خواتین کو سلائی کڑھائی کی تربیت کے ساتھ ساتھ حق دار بچوں کو پرائمری سکول کے مفت تعلیم بھی دو دور دراز کے اضلاع میں دے رہا ہے۔ ہم مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ اس ادارہ کو اپنے عطیات صدقات و خیرات دے کر دکھی انسانیت کی خدمت میں مددگار ثابت ہوں۔