شکاگو( نیٹ نیوز) عظیم گلوکاروں، فنکاروں اور کھلاڑیوں سے تعلق رکھنے والی بظاہر معمولی اشیا بھی قیمتی ہوجاتی ہیں۔ اب باسکٹ بال لیجنڈ مائیکل جورڈن کے پہلے میچ کا غیراستعمال شدہ ٹکٹ 4 لاکھ 68 ہزار ڈالر (8کروڑ31 لاکھ روپے سے زائد) میں نیلام ہوا ہے ،یہ ٹکٹ 26 اکتوبر 1984 ء کا ہے جب مائیکل شکاگو بلز کی جانب سے کھیلتے تھے ۔ یہ ٹکٹ خریدا تو گیا لیکن استعمال نہیں ہوسکا تھا۔ یہ ٹکٹ مائیک کول کے پاس تھا جو اس کے دوست جیری شاز نے دیا تھا۔ درحقیقت انہیں دو ٹکٹ ملے تھے لیکن دوسرا ساتھی نہ مل سکا اور ایک ٹکٹ ان کے پاس ہی رہ گیا۔ اس ٹکٹ کی اہمیت یوں بھی اہم ہے کہ مائیکل جورڈن نے پہلی مرتبہ اپنے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ جب مائک کو ٹکٹ کی قدر کا معلوم ہوا تو وہ خود اس پر حیران رہ گئے ۔ مائیک کول نے بتایا کہ وہ اس ٹکٹ کی قدر سے واقف نہ تھے ۔ یہ ٹکٹ انہوں نے یونیورسٹی کی یاد کے طور پر سنبھال رکھا تھا۔ ان کے نزدیک یہ ادھیڑ عمری میں جوانی کی ایک خوشگوار یاد ہے ۔