جنوبی ایشیائی خطہ ایک بار پھر جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کے سنگم پر کھڑا ہے، پاکستان نے اپنے بڑھتے ہوئے سیکورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے ایک جرأت مندانہ قدم اٹھایا اور یکم نومبر کو، پاکستان نے غیر قانونی تارکین وطن کی طرف سے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے، بغیر قانونی دستاویزات، خاص طور پر افغانستان سے آنے والے تارکین وطن کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔ یہ فیصلہ، اس دیرینہ مسئلے پر روشنی ڈالتا ہے جو پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازع کا باعث رہا ہے۔ٹی ٹی پی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے افغانستان سے زیادہ تعاون کے لیے پاکستان کی بار بار کی جانے والی اپیلیں بڑی حد تک بہرے کانوں تک محدودر ہیں اور افغان عبوری انتظامیہ سابق حکمرانوں کی روش پرگامزن نظر آتی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی تاریخ ایک ہنگامہ خیز رہی ہے، اور دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ اضافے نے موجودہ چیلنجوں کو مزیدبڑھا دیا ہے۔ بدقسمتی سے افغانستان میں افغان طالبان کی عبوری حکومت کے قیام نے معاملات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے، جیسا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 60 فیصد اور اس کے قیام کے بعد سے خودکش حملوں میں حیرت انگیز طور پر 500 فیصد اضافہ ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، ایک بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم، پاکستان کے اندر حملے کرنے کے لیے افغان سرزمین کا استحصال کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ دو سالوں میں 2200 سے زائد پاکستانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔پاکستانی قیادت نے اپنے افغان ہم منصبوں کے ساتھ ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں کے بارے میں مسلسل خدشات کا اظہار کیا ہے۔ دوستانہ اقدامات سے لے کر انتباہات تک کی کوششوں کے باوجود، افغان طالبان جانب سے مکمل تعاون کی کمی نے پاکستان کے پاس محدود آپشنز چھوڑے ہیں۔ افغان طالبان کی جانب سے موثر اقدامات کی یقین دہانی کرانے میں صرف زبانی بیانات تک محدود ہے ۔افغان حکومت کا اپنی سرزمین پر موثر کنٹرول کی کمی اور عسکریت پسند گروپوں کے لیے اس کی سمجھی جانے والی رواداری نے پاکستانی حکام کو مایوس کیا ہے۔ اس مایوسی نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بگاڑ پیدا کیا ہے۔ سابق افغان صدور حامد کرزئی اور اشرف غنی بھی افغان طالبان عبوری انتظامیہ کی طرح اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے میں ناکام رہے تھے۔اگرچہ غیر دستاویزی تارکین وطن کو نکالنے کا فیصلہ حفاظتی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے، لیکن انسانی ہمدردی کے پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ذرائع کے مطابق قریباَ چار لاکھ سے زیادہ افغان اپنے وطن واپس جا چکے ہیں، پاکستان سے غیر دستاویزی افغان مہاجرین کے اخراج کا دونوں ممالک پر خاصا اثر پڑا ہے۔ افغانستان میں، واپس آنے والوں کی آمد نے پہلے سے ہی مخدوش معاشی صورتحال، وسائل میں تناؤ اور ملازمتوں کے لیے بڑھتی ہوئی مسابقت کو مزید خراب کر دیا ہے۔ اس میں سب سے تشویش ناک پہلو یہ سامنے آرہا ہے کہ بے روزگار نوجوانوں کی واپسی نے عسکریت پسند گروپوں کی جانب سے ان کی ممکنہ بھرتی کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔جو نہ صرف افغانستان بلکہ پڑوسی خطوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔اس فیصلے کے اثرات پاکستان اور افغانستان کی سرحدوں سے باہر تک پھیلے ہوئے ہیں۔ بے روزگار افغان نوجوانوں کی ممکنہ انتقامی روش، علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ خطے کے آس پاس کے ممالک، جو پہلے ہی اپنے اپنے چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں، اگر اس مسئلے کو اب بھی باہمی تعاون سے حل نہیں کرتے تو بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کی بنیادی وجوہ سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور افغانستان دونوں کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے پیچیدگیوں سے بھرے ہوئے ہیں، جن کی نشاندہی تعاون اور تناؤ دونوں سے ہوتی ہے۔ حالیہ برسوں میں، غیر قانونی امیگریشن کا مسئلہ ایک خاص طور پر متناز ع نکتہ بن گیا ہے، جس میں پاکستان نے غیر دستاویزی افغان مہاجرین پر سخت موقف اپنایا ہے۔ پاکستان کا غیر دستاویزی افغان تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ان کے ممکنہ ملوث ہونے کے خدشات سے پیدا ہوا ہے۔ ملک کو دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جدوجہد کا دوبارہ سامناہے، خاص طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسے عسکریت پسند گروپوں سے جو سرحد پار افغانستان میں قائم اڈوں سے کام کرتے ہیں، غیر دستاویزی افغانوں کی موجودگی ان عسکریت پسندوں کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات دوراہے پر ہیں۔ غیر قانونی امیگریشن کا مسئلہ شدید تناؤ کا باعث بن گیا ہے، دونوں ممالک کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ان کی طویل مدتی سلامتی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ عدم استحکام کو ہوا دینے والے بنیادی مسائل کو حل کرکے، پاکستان اور افغانستان مزید پرامن اور خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔چونکہ یہ خطہ غیر دستاویزی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے پاکستان کے فیصلے کے نتیجے میں مشکلات سے دوچار ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ان کثیر جہتی چیلنجوں کو تسلیم کیا جائے جو اس مقام تک پہنچے ہیں۔ ایک پائیدار حل کے لیے ایک اہم نقطہ نظر کی ضرورت ہے جس میں سفارتی کوششوں، انسانی ہمدردی کے تحفظات اور علاقائی تعاون کو یکجا کیا جائے۔ یہ صورت حال جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی خدشات کے باہمی ربط اور خطے کی اجتماعی بھلائی کے لیے دہشت گردی کے خلاف متحدہ محاذ کی ضرورت کو واضح کرتی ہے۔