کراچی (سٹاف رپورٹر،نیٹ نیوز)کراچی میں کار پر فائرنگ سے وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کے پی آر او جلال بچلانی زخمی ہو گئے جبکہ ملزم فرار ہوگئے ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرفیوم چوک گلستان جوہر میں پیش آیا، جلال بچلانی کو ایک گولی ہاتھ پر لگی۔تحریک انصاف کراچی کے ترجمان کا بتانا ہے کہ جلال بچلانی کی حالت بہتر ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے مضروب خود اپنی گاڑی ڈرائیور کرتے ہوئے آغا خان ہسپتا ل پہنچے ، اطلاع ملنے پولیس اور پی ٹی آئی کے عہدیدار بھی ہسپتال پہنچ گئے ۔ جلال بچلانی نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا کہ وہ اسلام آباد سے اپنے سسر کی عیادت کیلئے کراچی آئے ہوئے ہیں اوررات کو ہسپتال میں داخل سسر کی عیادت کیلئے نکلے تھے ، راستے میں پیاس لگی تو ایک سٹور پر روکر پانی کی بوتل خرید ی ، موٹرسائیکل سوار دو ملزم گاڑی کے دونوں سائیڈ سے آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، ایک گولی کندھے میں لگتے ہوئے ہاتھ میں لگ گئی جبکہ پچھلی سیٹ پر بیٹھے ایک رشتے بال بال بچ گئے ۔ ملزم ٹارگٹ کرنے آئے تھے ، لوٹنے کی کوشش کی نہ وہ سٹریٹ کرمنل تھے ۔