کابل ،واشنگٹن(نیٹ نیوز،این این آئی ) افغانستان کی امارات اسلامیہ کی پولیس نے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں آپریشن کلین اپ کے دوران 9 اغوا کاروں سمیت 68 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اﷲ مجاہد نے مقامی میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ آپریشن کلین اپ کے دوران 6 کالعدم تنظیم داعش کے کارندوں اور 9 اغوا کاروں کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چوری کی وارداتوں میں ملوث 53 افراد کو گرفتار کر کے حراستی مرکز منتقل کردیا گیا، کابل میں ہونے والے آپریشن میں خواتین پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا ۔دوسری جانب افغانستان میں 7دن میں فائرنگ اور تشدد واقعات میں تین خواتین ،8 پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت 28افراد جاں بحق ہوگئے ،گزشتہ روزہرات میں حادثہ میں 6افراد چل بسے ۔ افغانستان میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں 3 خواتین،8 پولیو ورکروں اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت28 افغان شہری جاں بحق اور 33 دیگر زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ قندوز کے شہر قندوز اور ضلع امام صاحب میں نامعلوم افراد نے الگ الگ واقعات میں8پولیو اہلکاروں کوفائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ صوبہ پنج شیر میں فوجی آپریشن کے دران ایک سکیورٹی اہلکار اور مسلح گروپ کے 8 ارکان سمیت 9 شہری جان سے گئے ۔ پاک افغان سرحد پر واقع صوبہ پکتیکا کے ضلع یحیٰ خیل اور صوبہ نمروز کے صدر مقام زرنج شہرمیں دو افراد نے نامعلوم وجوہات کی بنا اپنی بیویوں کو قتل کردیا۔صوبہ قندہار کے ضلع سپین بولدک میں ایک جھڑپ کے دوران دو افراد جاں بحق اور27 زخمی ہوگئے جبکہ سپین بولدک ہی میں یک سرحدی پولیس اہلکار کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ صوبہ ہلمند کے ضلع ناوا میں نامعلوم مسلح افراد نے دو افراد کو موت کے گھاٹ اْتاردیا جبکہ ایک زخمی کردیا صوبہ قندہار میں سرچ آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے ایک رکشہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور دو زخمی ہوگئیں۔ صوبہ سمنگان کے درہ صوف پایاں میں سیکیورٹی فورس کے ہاتھوں ایک باغی ماراگیا۔صوبہ پکتیا کے صدر مقام گردیز میں ایک سابق سرکاری پراسیکیوٹر مردہ پائے گئے ۔ صوبہ فریاب کے ضلع دولت آباد میں ایک شخص نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔