واشنگٹن(صباح نیوز) امریکہ میں شہری نے چرچ میں فائرنگ کرکے 3بیٹیاں اور خاتون قتل خودکشی کرلی۔ کیلیفورنیا کے سیکرامینٹو میں دلخراش واقعہ پیش آیا،ہلاک ہونے والی بچیوں کی عمر9،10 اور 13برس تھی،آیابھی ہلاک ہوگئی ،پولیس نے فائرنگ کی وجہ گھریلو تنازع قرار دیدی،شہریوں نے افسوس کا اظہارکیا ہے ۔امریکی حکام کے مطابق کیلیفورنیا کے سیکرامینٹو میں ایک چرچ میں گذشتہ روزروز ایک شخص نے اپنی تین بیٹیوں کوگولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد خود بھی گولی مارلی۔ فائرنگ کے اس واقعے میں ایک دیگر شہری کی بھی موت ہوگئی ہے ۔پولیس کے مطابق اس واقعے کا سبب ایک گھریلو تنازع ہے ۔ گوکہ پولیس کا کہنا ہے کہ پانچویں شخص کی شناخت ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے اور یہ معلوم نہیں کہ آیا مذکورہ شخص کا بھی ان لوگوں سے کوئی تعلق تھا تاہم بعض رپورٹوں کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی ملازمہ تھی۔سیکرامینٹو پولیس کے سربراہ راڈ گراس مین نے بتایا کہ انہیں پیر کی شام تقریبا پانچ بجے آرڈن آرکیڈ علاقے میں واقع ایک چرچ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلا ع موصول ہوئی۔ ان میں گولی چلانے والا بھی شامل تھا۔ گراس مین نے بتایا، "ہلاک ہونے والی بچیوں کی عمریں نو، دس اور تیرہ برس تھی۔"پولیس نے گولی مارنے والے شخص کا نام فوری طور پر ظاہر نہیں کیا ہے تاہم حکام کے مطابق اس کی عمر 39 برس تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ فائرنگ کے اس واقعے میں کسی دیگر شخص کے ملوث ہونے کا امکان نہیں دیکھ رہے ہیں۔گراس مین کا کہنا تھا، "اب تک کے حالات و اقعات سے ، میرے خیال میں یہ گھریلو تشدد سے متعلق ایک واقعہ ہے ۔"