چارسدہ،پشاور،لاہور،اسلام آباد (نمائندہ 92 نیوز، 92 نیوزرپورٹ،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے صدرمیاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت چور ڈاکو سے باہر ہی نہیں نکل رہی، ملکی تاریخ میں اس سے بدتر حکومت نہیں آئی۔گذشتہ روز اے این پی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان کی تعزیت کیلئے ن لیگ کے وفد نے ن لیگ کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قیادت میں ولی باغ چارسدہ کا دورہ کیا۔ اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کو ملک کی کوئی فکر نہیں ۔ ہر فیصلے پر یوٹرین لینا عمران خان کی عادت ہے ۔ یہ کہتے ہیں کہ این آراو نہیں دوں گا ہم جیلیں کاٹ رہے ہیں، کیا یہ ڈیل ہے ، یہ بتائیں این آر او کون مانگ رہا ہے ؟ ۔ عمران نے خود رنگ روڈ توسیع کی منظوری دی بعد میں شور مچادیا۔کورونا وبا کے تیسرے حملے میں حکومت نے بے تدبیری سے کام لیا۔ جہانگیر ترین گروپ پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے ، ن لیگ کا کوئی لینا دینا نہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے نیپال کے سفیر تپاس ادھیکاری نے ملاقات کی ۔ نیپال کے سفیر نے شہباز شریف کے سارک اور خطے کے لئے وژن اور ان کی تجاویز سے اتفاق کیا ۔دریں اثناء مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں عمران خان اور عثمان بزدارکی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں عثمان بزدار نے عمران خان کے سہولت کار کا کردار ادا کیا، یہ 25 ارب نہیں بلکہ 40 ارب روپے سے زائد کا سکینڈل ہے جس کی انکوائری ہو چکی، اب گرفتاریاں باقی ہیں۔ مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدر رانا ثنا ئاﷲ نے کہا ہے کہ ترین گروپ ن لیگ سے رابطہ کرے گا تو ضرور جواب دیں گے یہ گروپ پی ٹی آئی کا پریشرگروپ ہے ۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہاکہ قائد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) حکومت یہ اعزاز حاصل ہوا کہ ملک کو پہلی فلم اور ثقافت 2018 پالیسی دی،پاکستان کی پہلی فلم پالیسی 2018 میں اپنے جامع فریم ورک اور بزنس کیس کے ساتھ پہلے سے ہی موجود ہے ۔