اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ نے سندھ ریزرو پولیس میں غیرقانونی بھرتیوں کے حوالے سے کیس میں نیب کو ایس پی غلام نبی کیریو کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے ۔سپریم کورٹ میں سندھ ریزو پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی ۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریما رکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے صرف چھوٹے افسران کو جبری ریٹائر کیا، بڑے افسران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔چیف جسٹس نے کہا ملوث افسران کیخلاف کارروائی بھی سیاسی سٹنٹ ہی لگتی ہے ،لگتا ہے غیرقانونی بھرتیوں کو حکومتی آشیرباد حاصل تھی۔اس موقع پر عدالت کے استفسار پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے انکوائری کے بعد ملوث افسران کو سزائیں دیں ہیں کم ترین سزا ملنے پر غلام نبی کیریو کی پولیس ملازمت برقرار ہے تا ہم نیب نے غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں غلام نبی کیریو کو گرفتار کر رکھا ہے ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ مرکزی کردار ایس پی غلام نبی کیریو کو کم ترین سزا کیوں دی گئی؟ غلام نبی کیریو کے دستخط سے تمام تعیناتیوں پر لیٹرز جاری ہوئے ، کیا غلام نبی کیریو جرم ثابت ہونے پر بھی پولیس میں ہی ہیں؟۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے تمام ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی جس پر عدالت نے کیس نمٹادیا۔