لاہور،ڈیرہ غازیخان (وقائع نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں بارتھی اورمانکا (فاضلہ) کے علاوہ تونسہ شریف کابھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سب سے پہلے کوہ سلیمان کے قبائلی علاقے بارتھی پہنچے ، قبائلی عمائدین اورمقامی لوگوں نے ملاقاتیں کیں۔ بلوچی روایت کے مطابق حال احوال کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے الیکشن زیادہ دور نہیں،قوم انتخابات کی تیاری کرے ۔قوم کی خودداری پر کبھی حرف نہیں آنے دیں گے ۔ ہماری حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ۔عوامی خدمت خلوص نیت سے کی،ضمیر مطمئن ہے ۔ تحریک انصاف نے ہمیشہ قوم کی ترجمانی کی ہے اور کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف نہ کبھی انتقامی کارروائی کی اور نہ کریں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قبائلیوں کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ،بعد میں اپنے والد سردار فتح محمد خان بزدارمرحوم کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ نے قبائلی علاقے مانکا(فاضلہ)کا بھی وزٹ کیااورعلاقے میں ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ تونسہ پہنچے اورلوگوں سے سرائیکی زبان میں خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے تونسہ کو ضلع بنانے کی منظوری دیدی ہے ۔تونسہ کو ضلع بنانے کا وعدہ کیا تھا،جو پورا کیا ہے ۔تونسہ کو ضلع بنانے کا اعزاز میری حکومت کو حاصل ہے ،ہم نے ہمیشہ محبتیں بانٹی ہیں۔ضمیر مطمئن ہے کہ آج تک کوئی غلط کام نہیں کیا۔ پنجاب کی وزارت اعلی کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار چودھری پرویز الہی کامیاب ہوں گے اورچودھری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری رہے گا۔قبل ازیں انہوں نے سکھ برادری کو ویسا کھی کے تہوار پر مبارکباد دی اورکہا کہ ویساکھی سکھ برادری کا خوشیوں بھرا روایتی تہوار ہے ۔ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے اور ہم سب ویساکھی کے تہوار پر سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔