لاہور،اسلام آباد،کراچی (نمائندہ خصوصی سے ،92 نیوز رپورٹ )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی کو پنجاب میں وارڈ کی سطح پر منظم کرینگے ،فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجزکی مد میں بجلی مزیدمہنگی کرنا عوام کامعاشی قتل ہے ،پیپلزپارٹی آج مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریگی ،این اے 133کے ضمنی الیکشن میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کارکن تعریف کے مستحق ہیں۔وہ بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کے عہدیداروں حسن مرتضیٰ،شہزاد سعید چیمہ ،اسلم گل اور علی بدر کیساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پرجہانزیب بدر،فرخ بصیر ودیگر بھی موجود تھے جبکہ بلاول نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پراپنے ردعمل میں کہاہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کاڈاکہ ماراگیا،عوام کومہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، مہنگائی کیخلاف احتجاج حکومت کے خاتمے تک جاری رہیگا۔ قبل ازیں بلاول لاہور پہنچے تو راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر عہدیداران نے ایئرپورٹ پر انکا استقبال کیا، ذرائع کے مطابق وہ ایک ہفتہ لاہور میں قیام کرینگے ۔ اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا حالیہ سروے حکومت کے خلاف ایک عوامی چارج شیٹ ہے ، عوام نااہل ٹولے کے خلاف آج باہر نکلیں ۔ سینیٹر سلیم مانڈی والا نے کہا ہے کہ حکومت ڈیموکریسی سمٹ میں شرکت نہ کرکے بائیڈن سے کال نہ کرنے کا بدلہ لے رہی ہے ۔ شازیہ مری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کے حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں سیالکوٹ واقعہ نے پاکستانیوں کا سر شرم سے جھکا دیا ، اب اس ٹولے کو گھر جانا ہوگا۔