ملتان(جنرل رپورٹر) کپتان یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو فائنل میں 8 وکٹوں سے ہرا کر پاکستان کپ جیت لیا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کی تشکیل کے بعد بلوچستان نے کسی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت ہے ۔ یاسر شاہ کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ چیمپئن بلوچستان کو 50 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ خیبرپختونخوا کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ بلوچستان کے اوپنر حسیب اللہ کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ بلوچستان کے کپتان یاسر شاہ 24 وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین بولر، فاتح ٹیم کے اوپنر حسیب اللہ 614 رنز بناکر بہترین بیٹر قرار پائے ۔ خیبرپختونخوا کے محمد حارث کو بہترین وکٹ کیپر قراردیا گیا۔ فائنل میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم 46 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کامران غلام 70 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے ۔ یاسر شاہ نے 33 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بلوچستان نے مطلوبہ ہدف 31.2 اوورز میں دو وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ عبدالواحد بنگلزئی نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔