لاہور (فورم رپورٹ : رانا عظیم ، فاروق جوہری )حکومتی اتحادی جو کہ حکومت کا مزہ لیتے رہے اب مشکل وقت میں اپوزیشن کے ساتھ مل جانا افسوسناک ہے لیکن وزیر اعظم ابھی تک پر امید اور ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔عمران خان کے پاس ایک ہی آپشن بچا ہے کہ وہ اپنے اراکین پارلیمنٹ سمیت استعفے دے دیں ۔ان خیالا ت کا اظہار سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے روزنامہ92 نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ ہم نے جن اتحادیوں کو عزت دی وزارتیں دیں ان پر افسو س ہے اگر ان کو ہماری پالیسیز پر تحفظات تھے تو پہلے الگ ہو جاتے ۔ عمران خان ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔مسلم لیگ (ض )کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس وقت مشکل حالات کا شکار ہیں ان کے پاس ایک ہی آ پشن ہے کہ تحریک انصاف کے تمام اراکین اسمبلی استعفیٰ دے دیں ۔ن لیگی رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ابھی تک عمران خان پر امید ہیں لیکن اب تک کلیئر ہو چکا ہے کہ نمبرز گیم کس کے پاس ہیں اور کون نمبرز گیم میں آ گے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی گیم اوور ہو چکی ہے اور اب حکومت کا جانا فائنل ہو چکا ہے ۔پیپلزپا رٹی کے رہنما تیمور تالپور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اب اندازہ ہو گیا ہو گا کہ اصل کانپیں ٹانگیں کیا ہوتی ہیں۔