لاہور،کراچی، اسلام آباد( سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، 92نیوزرپورٹ،،این این آئی،آن لائن) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے غیر قانونی فنڈنگ کے جرم میں عمران خان فوری طور پر مستعفی ہونے کامطالبہ کردیا۔لیگی رہنمائوں شاہدخاقان عباسی اورراناثنااللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نوازنے کہاہے کہ عوام چاہتے ہیں کہ وزیراعظم کے رہنے کی اب کوئی گنجائش نہیں، غیر قانونی فنڈنگ کے جرم میں عمران خان فوری طور پر استعفیٰ دیں،عمران خان کیخلاف جے آئی ٹی بنائی جائے ،عمران خان کے خلاف مقدمے کی روزانہ کی بنیادپرسماعت کی جائے ،الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ انہیں قانون کے مطابق سزا دے ، سب کا ذمہ عمران خان کوصادق اورامین کا سر ٹیفکیٹ دینے والا ذمہ دارہے ۔ صرف رپورٹ ریلیز کرنے سے کام نہیں ہوگا، جس طرح باقی لوگوں کو جیل اسی طرح ان کوبھی جیل میں ڈالنا چاہیے ، الیکشن کمیشن، عدلیہ کا بھی امتحان ہے ،الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے عمران خان کے چہرے سے بچاکھچانقاب کھینچ دیا،اب آپ کوبھاگنے کاموقع نہیں ملے گا،عمران خان نے ذاتی ملازمین کے اکائونٹس میں پیسے منگوائے ، 4 ملازمین طاہر اقبال، نعمان محمد رفیق کے نام پر پیسے منگوائے گئے اور اس کی اجازت عارف علوی اور عمران خان نے دی۔مریم نوازنے کہا آپ کابال بال کرپشن اورسازش میں ڈوبا ہوا نظرآیا،آپ نے جان بوجھ کرحقائق کوچھپایا،قائد ن لیگ کس وقت واپس آئیں گے ، یہ(ن)لیگ طے کرے گی ۔ مریم نواز نے صحافیوں کے متعلق آڈیو لیک کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ پر معذرت نہیں کروں گی پہلے ہماری نجی گفتگو کو ریکار ڈ کرنے والے معافی مانگے پھر میں سوچو گی ۔پہلے جواب دیا جائے پرویز رشید کے ساتھ میری نجی بات چیت کیوں ریکارڈ کی گئی، پرویز رشید اور میں کیا بات کرتے ہیں یہ ہماری پرائیویٹ گفتگو تھی، میں نے کسی کی کوئی ٹیپ ریلیز نہیں کی، لوگوں کی آڈیو ویڈیو ٹیپس آ جاتی ہیں، میری آڈیوز کا موازنہ دوسری ٹیپس کے ساتھ نہ کریں۔احسن اقبال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ اقتدار پر ہیں فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات نہیں ہوسکتیں،سپریم کورٹ فارن فنڈنگ کیس کی آزادادنہ تحقیقات کرائے ،نواز شریف کی واپسی پر کوئی ڈیل نہیں ہورہی ،عمران نیازی اپنی نالائقی پر پردہ ڈالنے کے لیے سٹیٹ بینک کا سودا نہ کرے ۔ حمزہ شہباز نے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے ، تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے ، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے ، تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے ۔ لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کو عمران خان کے بے تکے بھاشن نہیں استعفیٰ چاہئے ،عمران خان 2 ارب روپے سے زائد کی فارن فنڈنگ چوری کا جواب دیں ،اب عوام کو کوئی نیا جھوٹ فریب اور مکاری نہیں چاہئے ، جھوٹی ٹویٹس سے سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی فارن فنڈنگ کا ڈاکہ چھپتا ہے ۔ لاہور ( نمائندہ خصوصی سے ،آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوریت ہے ۔لاہور میں سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کی بیٹھک میں ملکی صورت حال اور حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ طالبان سے خفیہ مذاکرات، ملک میں جاری مہنگائی اور سٹیٹ بینک کی خود مختاری جیسے اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔بلاول بھٹو نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کا آغاز مزار قائد کراچی سے 27 فروری کو ہوگا اور ہمارا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ پی پی چیئرمین نے عمران خان سے استعفیٰ اورملک میں فوری شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے ، ہم نے ماضی میں بھی ملک کو بحران سے نکالا اور آئندہ بھی نکالیں گے ۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج اُس شہر سے حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کریں گے جہاں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی، حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا، جسے جلد عوام کے سامنے لائیں گے تحریک انصاف نے پیسے کو جمہوری جماعتوں کے خلاف سازشوں میں استعمال کیا جو قابلِ مذمت ہے ، الیکشن کمیشن سخت ایکشن لے ۔بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے ، حکومت سے نجات کے لیے صاف اور شفاف انتخابات ناگزیر ہیں، سی ای سی نے منشور اور الیکشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔دریں اثنابلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی خیبرپختونخوا کے ایگزیکٹوز کے اجلاس کی صدارت بھی کی،صوبے کی سیاسی صورت حال اورلانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔