اسلام آباد ، راولپنڈی( سپیشل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ) فارمیشن کمانڈرز نے کچھ حلقوں کی جانب سے پاک فوج کوبدنام کرنے کی مہم کانوٹس لے لیا،فورم نے ادارے ،معاشرے میں تفریق پیداکرنے کی حالیہ پروپیگنڈامہم کابھی نوٹس لے لیا،فارمیشن کمانڈرز نے آئین،قانون کی سربلندی کیلئے عسکری قیادت پر مکمل اظہاراعتماد بھی کیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیومیں 79ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کاانعقادہوا،تمام کورکمانڈرز،پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی،شرکا کو پیشہ ورانہ امور اور قومی سلامتی کودرپیش چیلنجز پربریفنگ دی گئی،شرکاکوروایتی،غیرروایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیاگیا،آرمی چیف نے ابھرتے چینلجزسے نمٹنے کیلئے آپریشنل تیاریوں پراطمینان کااظہارکیا،آئی ایس پی آرکے مطابق فورم نے سرحدی،عوامی تحفظ کیلئے افسران،جوانوں کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا،فور م نے کچھ حلقوں کی جانب سے پاک فوج کوبدنام کرنے کی مہم کانوٹس لیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق فارمیشنز کمانڈرز نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی مقدس ہے ،پاک فوج قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی،فورم کے شرکانے قانون کی حکمرانی،آئین کی بالادستی کیلئے عسکری قیادت کے موقف پربھرپوراعتماد کااظہارکیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق واضح پیغام دیا گیا کہ فارمیشنز کمانڈرز کانفرنس پوری فوج کی آواز ہے ، پوری فوج آئین اور قانون پر عمل پیرا ہے ، ہم پروپیگنڈا مہم چلانے والوں تک پہنچ گئے ہیں، جو بھی ہو جائے فوج قومی سلامتی پر کبھی کمپرومائز نہیں کرے گی۔ آرمی چیف نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاپاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ،تمام حالات پرنظررکھے ہوئے ہے ،ہرقسم کے حالات میں اندرونی،بیرونی خطرات کیخلاف مادروطن کے دفاع کیلئے تیارہیں،پاکستان کی علاقائی سالمیت اورخودمختاری کامکمل دفاع کیاجائیگا۔