سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)فیفا ورلڈ کپ میں کھیلا جانے والا فٹ بال سیالکوٹ میں تیار کیا جائیگا جس سے پاکستان کو بھاری زرمبادلہ حاصل ہو گا ،تفصیلات کے مطابق قطرمیں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022میں کھیلا جانے والا فٹ بال سیالکوٹ کی ایک بڑی فرم تیار کررہی ہے جس میں کام کر نے والے کاریگر دن رات فٹ بال کو عالمی معیار کے مطابق تیار کر نے میں مصروف ہیں ، اس حوالے سے صدر ایوان صنعت و تجارت میاں عمران اکبر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے فٹ بال کے آرڈر سیالکوٹ کو ملنا اتنہائی فخر کی بات ہے ،قبل ازیں سیالکوٹ کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والا فٹ بال سیالکوٹ میں تیار کیا جاتا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ شروع ہونے پر یورپ اور امریکہ میں فٹ بال کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے جس کے آرڈر بھی سیالکوٹ کی برآمدی فرموں کو مل رہے ہیں ، اس سے جہاں پاکستان کو بھاری زرمبادلہ حاصل ہو گا وہیں پر روزگار کے لاکھوں مواقع بھی پیدا ہونگے ،یہ سیالکوٹ کے ہنر مندوں کی بہترین کاریگری کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ دنیا سیالکوٹ کے تیار کر دہ فٹ بال کو اہمیت دیتی ہے ۔