سرینگر (نیٹ نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز نے بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی پریس کانفرنس کو روک دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی قابض انتظامیہ سرکار نے مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی پریس کانفرنس روک دی ہے ۔ گزشتہ ماہ لاک ڈاؤن کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ کسی حریت رہنما نے پریس کانفرنس سے خطاب کرنا تھا۔گھرمیں نظر بند حریت رہنما سیّد علی گیلانی نے خطوط کے ذریعے صحافیوں کو دعوت نامے بھجوائے تھے ۔ بی بی سی کے مطابق تمام صحافیوں کو سیّدعلی گیلانی کی رہائشگاہ پر مدعو کیا گیا تھا۔ جب صحافی حریت رہنما کی رہائشگاہ پہنچے تو پولیس نے کہا سب یہاں سے جائیں ورنہ دفعہ 144کی خلاف ورزی ہوجائے گی۔صحافیوں اورپولیس کے درمیان کافی دیر مباحثہ ہوا جس کے بعد سینئر پولیس اہلکاروں کو وہاں بلا لیا گیا، سینئر پولیس اہلکاروں نے صحافیوں کو کہا پریس کانفرنس کیلئے ضلع مجسٹریٹ کی اجازت ضروری ہے ۔ کافی دیر بحث ومباحثے کے بعد تمام صحافی حریت رہنما سید علی گیلانی کی رہائشگاہ سے چلے گئے ۔