کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خبر نگار) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی سے خالی ہونے والی سندھ سے سینٹ نشست پر پی پی کے 3 اور تحریک انصاف کے 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور ٹی ایل پی نے کسی بھی امیدوار کا نامزدگی فارم جمع نہیں کرایا، پی پی کے نثار کھوڑو، عاجز دھامرا اور گل ایم جاکھرانی نے نامزدگی فارم جمع کرائے ، متحدہ کے سابق ایم این اے خواجہ سہیل نے نثار کھوڑو کی حمایت میں کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ۔ تحریک انصاف کے طاہر شاہ، علی پلھ، آغا ارسلان، شوزیب کپاڈیا اور امان قاضی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ادھرسابق سینیٹرفیصل ووڈا نے تاحیات نااہلی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی ہے ۔سپریم کورٹ میں دائرمتفرق درخواست میں تاحیات نااہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ معاملہ فوری نوعیت کا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن نے نااہلیت کے فیصلے کے نتیجے میں خالی ہونے والی سینٹ نشست پر انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے جبکہ نااہلیت کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے ، اپیل آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کی جائے ۔