سرینگر،پیرس(کے پی آئی،این این آئی ) بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مزید کئی شہری گرفتار کرلئے فرانس میں گرفتاریوں کیخلاف ایک ملین دستخطی مہم کا اعلان کیا گیا ہے ۔ برفباری کے دوران نام نہاد آپریشن جاری ہے ، صحافی فہد شاہ ایک اورجھوٹے کیس میں گرفتار کرلئے گئے ،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ فاشسٹ مودی مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی نسل کشی کررہاہے ، ماس موومنٹ کی رہنما فریدہ بہن جی کی جانب سے حریت رہنماء غلام احمد گلزار کی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی ہے ،برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین تنازعہ تشویشناک ہے کشمیر بھی عالمی طاقتوں کی توجہ کا منتظر ہے ، مقبوضہ کشمیرمیں متحدہ مجلس علماء نے جموں وکشمیرمیں شراب کے مزیدلائسنسوں کے اجراء پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے حکومت پرزوردیا کہ وہ اس قسم کے فیصلوں کوفوری طور پرواپس لیں ۔3سال کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر میں معیشت کا پہیہ دوبارہ چل پڑا ہے لیکن 5اگست 2019 کے بعد ہوئے نقصان کی بھرپائی کیسے ممکن ہو پائے گی اسکے لئے کوئی حکومتی پالیسی موجود نہیں ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ جب تک حکام اس کیلئے کوئی پالیسی ترتیب نہیں دیتے ، نقصان کی بھرپائی ممکن نہیں ہوسکتی۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ونیشنل کانفرنس سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے کہا ہے کہ حد بندی کمیشن کی تازہ تجاویز نے جموں و کشمیر میں مرکز کے تئیں بیگانگی میں اضافہ کیا ہے کیونکہ کمیشن نے ایک منصوبہ بند حکمت عملی کے تحت بی جے پی کے حق میں کام کیا،بھارت نواز جماعتوں کے اتحاد گپکار الائنس نے جموں کشمیر میں دفعہ370کی منسوخی غیر آئینی قرار دینے کے بعد ترقی، امن، ملازمتوں اور سرمایہ کاری کے بی جے پی کے دعوئوں پر 35صفحات پر مشتمل ایک وائٹ پیپر جاری کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہاہے کہ فاشسٹ مودی مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی نسل کشی کررہاہے ،مودی نے ہندوستان میں اسلامی شعار حجاب پر پابندی لگا کر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو مجروح کیاہے۔