لاہور(سپورٹس ڈیسک) کپتان بابر اعظم کی پھر سنچری ، پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرا ون ڈے 9 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں پر مشتمل سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی ۔ پاکستان نے کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز 20 سال بعد اپنے نام کی ہے ۔ قذافی سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی اور کینگروز کی ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ آسٹریلیا کی طرف سے ایلکس کیری نے 56 اور سین ایبٹ نے 49 رنز کی اننگز کھیلی ۔ گرین شرٹس کے حارث رئوف اور محمد وسیم نے تین تین ، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ زاہد محمود اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ پاکستان نے بابر اعظم کے ناقابل شکست 105 رنزاور امام الحق کے 89 رنز ناٹ آئوٹ کی بدولت ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 37.5 اوورز میں حاصل کر لیا ۔ بابر نے اپنی 16 ویں سنچری کے ساتھ محمد یوسف کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ فخر زمان آئوٹ ہونیوالے واحد بیٹسمین تھے جو 17 رنز پر پویلین لوٹے ۔ کینگروز کے نیتھن ایلس نے واحد وکٹ حاصل کی ۔ بابر اعظم کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا ۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلا ون ڈے 88 رنز جبکہ دوسرے میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی ۔ پاکستان نے آخری مرتبہ کیگروز کیخلاف 2002 ء میں ایک روزہ میچوں کی سیریز جیتی تھی ۔