اسلام آباد،مظفر آباد (سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ،آن لائن)وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ذرائع کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور صدر آزاد کشمیر کو بھجوا دیا۔ ادھر قائم مقام صدر آزادکشمیر نے عبدالقیوم نیازی کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ چیف سیکرٹری کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی نئے وزیراعظم کے انتخاب تک قائم مقام وزیراعظم کے طور پر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے ۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے عمران خان کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وزارت عظمیٰ آپ کی امانت تھی واپس کر رہا ہوں۔ایک روز قبل پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے ہی وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جس پر آج ووٹنگ ہونا تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے شکوہ کیا تھا اور کہا تھا کہ انکے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے ، آپ کو جو بتایا گیا وہ درست نہیں ،اپنے خلاف سازش کو ثابت کروں گا۔استعفیٰ دینے سے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے سردار تنویر الیاس سمیت 5 وزرا کو کابینہ سے فارغ کر دیا۔ برطرف وزرا میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس اور وزیر تعلیم عبد الماجد خان،علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ وزرا کو مس کنڈکٹ،بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے ہٹایا گیا۔استعفے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میرے خلاف باقاعدہ سازش تیار کی گئی اور ڈیل کی خبریں بھی چل رہی تھیں جس پر مستعفی ہونیکا فیصلہ کیا، گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات میں بھی تمام حقائق سے آگاہ کیا تھا، اپنے خلاف سازش اور مبینہ ڈیل سے تفصیلی طور پر بتایا۔ انہوں نے کہا من گھڑت الزامات پر افسوس ہوا ،کھاتا تھا اور نہ ہی کسی کو کھانے دیتا تھا یہی میرا جرم ٹھہرا ۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ۔ذرائع کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار نہیں رہی۔ذرائع کے مطابق عبدالقیوم نیازی نے عمران خان کے سامنے علی امین پر الزام لگایا کہ انہوں نے 30 کروڑ لیکر میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کی سازش کی۔ الزامات پر عمران خان حیران رہ گئے اور انہوں نے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی۔