ماسکو (این این آئی)روسی سکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ دیمیتری میدویدیف نے دھمکی دی ہے کہ پابندیاں لگیں تو جوہری ہتھیاروں کا معاہدہ ختم،سزائے موت بحال کردیں گے ۔انہوں نے کہا دنیا میں موجود معقول لوگ سمجھتے ہیں کہ مغربی و امریکی پابندیاں محض ایک افسانہ، دھوکہ دہی اور تقریر کا نمونہ ہیں،انہوں نے کہا ماسکو مغربی پابندیوں کے جواب میں مغربی اقوام کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کے علاوہ امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے آخری معاہدے سے بھی نکل سکتا ہے ۔ممکن ہے کہ پھر روس اور مغرب ایک دوسرے کو دوربین سے دیکھیں۔دریں اثنا روس کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ یوکرین پراختلاف کے باوجود شام میں روس ، اسرائیل ایک صفحے پر ہیں، روس شام پر اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون جاری رکھنے کی توقع رکھتا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن کی سربراہی میں منعقدہ روسی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں میدویدیف نے کہا کہ روس اپنے ہاں سزائے موت بھی بحال کر سکتا ہے ۔ روس میں گزشتہ ربع صدی سے موت کی سزا پر عمل درآمد پر پابندی عائد ہے ۔ میدویدیف کا کہنا تھا کہ مغربی دنیا روس کو تنہا کرنا چاہتی ہے ۔روس کا امریکی پابندیوں کو افسانے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ دنیا میں موجود معقول لوگ یہ سمجھتے ہیں ۔