لاہور سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں جاری پاسپورٹ بحران سے حج آپریشن 2024ء کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سلسلہ میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے رابطہ کر کے عازمین حج کے پاسپورٹ 28فروری سے قبل انہیں ڈلیور کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ سعودی حکومت کے طے شدہ ٹائم فریم کی روشنی میں یکم مارچ 2024ء سے پاکستانی عازمین حج کے ویزوں کا اجرا شروع کیا جا سکے۔بلا شبہ اس وقت جعلی پاسپورٹس کے اجرا کے معاملا ت کی وجہ سے پاسپورٹس کے اجرا میں بحرانی کیفیت درپیش ہے ۔دو روز پہلے برطانوی حکام نے پہلے سے زائد مشکوک پاسپورٹس پاکستان کے حوالے کئے ہیں جبکہ گزشتہ سال جعلی شناختی کارڈوں پر سعودی عرب میں کئی غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا گیا ۔ انہی سطور میں پہلے بھی عرض کیا تھا کہ جعلی پاکستانی شناختی کارڈ یا جعلی پاسپورٹس کا اجرامتعلقہ محکموں میں کالی بھیڑوں کی صورت میں موجود ملازمین کی ملی بھگت کے بغیر ممکن ہی نہیں لہٰذا ان کا فوری طور پر پتہ چلا کر انہیں ناصرف ملازمت سے فارغ کیا جائے بلکہ کڑی سزائیں دی جائیں۔ اگر صورتحال جوں کی توں رہی تو عازمین کا حج کے لئے سعودی عرب جانا مشکل ہو جائے گا۔ لہٰذا پاسپورٹ حکام کی ذمہ داری پوری کریں۔