لاہور(وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراورنامزد امیدواروزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت تحریک انصاف اور(ق) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ارکان پنجاب اسمبلی کی بڑی تعداد نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔تحریک انصاف اور(ق) لیگ کے سابق وزرا،خواتین ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے ۔ارکان پنجاب اسمبلی و سابق وزرانے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور چودھری پرویز الہی کی بھرپورحمایت کا اعلان کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کوئی باضمیر ایم پی اے پارٹی منشور کیخلاف ووٹ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، نامزد امیدوار کی کامیابی کیلئے ہررکن اسمبلی بھر پور کوشش کرے ، پارلیمانی پارٹی کے ارکان متحد تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔چودھری پرویز الہی نے کہا ہم سب تحفظ ناموس رسالتؐ اور تحفظ ختم نبوتؐ کی مہم کے ادنیٰ سپاہی ہیں ،ہم سب ناموس رسالتؐ کے معاملے پر ڈٹ کر کھڑے ہوں گے ، ناموس رسالت ؐ پر حملوں جیسی مذموم سازشوں کا قلع قمع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ،اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی فائنل کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے پنجاب کی تاریخ کا موجودہ ترقیاتی پروگرام سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پروگرام ہے ،سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ، سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کے عوام کی خوشحالی کا روڈ میپ ہے ۔وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشتگردو ں کے حملے کی شدید مذمت کی اورشہید فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے گرین ٹاؤن میں گھر میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ نے معروف سماجی شخصیت بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔