لاہور،کرمانوالہ ، سا ہیوال، چیچہ وطنی، کراچی ( نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر،نمائندگان ) پیپلز پارٹی نے کہا ہے مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکالنے والے وزیراعظم کی چیخیں نکلنے کا وقت آگیا ، عمران خان کو گھر بھیجے بغیر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے ۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اوکاڑہ، ساہیوال اور چیچہ وطنی بار میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے اچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی،حکومت انتقامی کاروائیاں بند کرے ، تحریک عدم اعتماد لانااپوزیشن کا آئینی حق ہے ، اپوزیشن جماعتوں سے رابطے ہیں ،تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی، عوام کو ظالم اور جابر حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ،ملکی بقا اور خوشحالی میں وکلا کردار ادا کریں۔ راجہ پر ویز اشرف نے پل بازار میں پیپلز پارٹی سٹی کے نئے دفتر کا افتتاح بھی کیا۔ کراچی پریس کلب کے باہرمہنگائی،گیس کی بندش،پٹرول،بجلی کی قیمت میں اضافے کیخلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو، سعید غنی و دیگرنے کہا مہنگائی سے ہرطبقہ چیخ پڑا ہے ،عمران نیازی ناکامی تسلیم کرکے ہماری جان چھوڑدے ، حکومت غربت کی بجائے غریب ختم کرنے پر تل گئی ، پیپلزپارٹی 27 فروری کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جب میدان میں اترے گی تو دمادم مست قلندر ہوگا۔ادھر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے گزشتہ روز حسن مرتضی کے گھر ہونیوالے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال گیا اور وسطی پنجاب کے نائب صدور کومتعلقہ ڈویژنز کیلئے کوآرڈینیٹرز مقرر کر دیا گیا۔