سندھ کے شہر لاڑکانہ میں قبائلی تصادم کا خطرہ ہے اور ڈاہانی چانڈیہ کشیدگی‘ قبائلی تنازعات‘بدامنی، بنیادی سہولتوں کے فقدان اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف سماجی اتحاد کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی ۔شرکا نے حکام سے مطالبہ کیا کہ قبائلی تصادم اور بدامنی روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ صورتحال یہ ہے کہ علاقے میں بدامنی اورمختلف قبائل میں تصادم کے خطرہ کی وجہ سے معززین علاقہ اور سیاسی و سماجی رہنما اپنے طور پر فریقین کے درمیان تنازعات کے حل کی کوششیں کر رہے ہیں۔ بدامنی کی وجہ سے ناصرف سٹریٹ کرائم ، منشیات فروشی، چوری ‘ ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ شہریوں خصوصاً کاروباری افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاڑکانہ شہر پیپلز پارٹی کا سیاسی گڑھ اور پارٹی کے بانیوں کا گھر ہے لیکن موجودہ صورتحال سے محسوس ہو رہا ہے پیپلز پارٹی نے صوبہ کے اس اہم شہر کوجرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم اورقبائل میں زور آزمائی کے لئے چھوڑ دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پیپلز پارٹی جو کئی برسوں سے سندھ میں بر سر اقتدار ہے ، شہر سے بد امنی ، کرپشن ،تھانوں سے رشوت ستانی کے خاتمے اورمتحارب قبائل کے مابین تصادم روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے اورلاڑکانہ کے شہریوں کو حالیہ انتخابی وعدوں کے مطابق صحت ،تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مقامی سماجی و سیاسی عمائدین کے تعاون سے حالات کو ساز گار بنایا جائے تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔