اسلام آباد، لاہور ، کراچی، سیالکوٹ، ریاض (سپیشل رپورٹر، جنرل رپورٹر ، سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ دو پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 153 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ایک ہزار 207 جبکہ صوبہ پنجاب سے 394 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں کورونا کے باعث 7 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، لاہور اور راولپنڈی سے تین، تین جبکہ بہاولپور سے 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 309 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور پانچ مریض جاں بحق ہونے کی رپورٹ ملی ہے ۔ سیالکوٹ میں 20 مریض کورونا کو شکست دیکر گھر چلے گئے ، محکمہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سیالکوٹ میں6نئے مریضوں کے اضافہ کے ساتھ مریضوں کی تعداد 160 ہوگئی ہے ۔ ادھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا کی کوئی بڑی لہر آنے کے امکانات بہت کم ہیں لیکن احتیاطی تدابیر جاری رکھنا ہوگی،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا سے کورونا وبا ختم نہیں ہوئی، اس کی چھوٹی چھوٹی ویولیٹس لہریں سامنے آتی رہیں گی ۔ دریں اثنا اڑھائی سال سے زیادہ کے وقفے کے بعد سات سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو مسجدالحرام مسجد نبوی میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔