اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید13افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد30053ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.51فیصد رہی،961نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس66227ہو گئے ،1261مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 2393مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔وزارت قومی صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38139کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔علاوہ ازیں محکمہ صحت پنجاب نے کورونا پابندیاں نرم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔پنجاب میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد کاروباری مراکز پر وقت کی پابندی بھی ختم کردی گئی جبکہ ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ کھول دی گئی۔ شادی کی ان ڈور تقریبات میں 500 مہمانوں کی اجازت ہوگی۔سینما ہالز، جمز، مزارات، پارکس سمیت تمام مقامات معمول کے مطابق کام کرینگے ۔ محکمہ ہیلتھ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 302نئے کیس سامنے آگئے جبکہ لاہور اور فیصل آباد سے 2دو جبکہ راولپنڈی، شیخوپورہ اور سیالکوٹ سے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ لاہور سے کورونا کے مزید179، راولپنڈی سے 19 ،سیالکوٹ سے 15،فیصل آباد سے 7 ،گوجرانوالہ سے 6 کیس رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.1 فیصد رہی۔ ادھروزیرتعلیم سندھ سردارشاہ کی زیرصدارت سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں پیر سے تمام تعلیمی ادارے روزانہ100 فیصدحاضری کیساتھ کھلیں گے ۔ چوتھی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 2 مئی جبکہ نہم اور دہم بورڈ کے امتحانات17 مئی سے اورانٹر کے 15 جون سے ہونگے ۔نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم اگست سے ہو گا ۔موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون تا31جولائی اور سرماکی22 تا 31 دسمبر ہونگی۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستان سے دبئی اور شارجہ جانیوالے مسافروں کیلئے ایئرپورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی شرط ختم کردی ۔مسافروں کو ایئرپورٹس پر 48گھنٹے قبل کا منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا۔شارجہ اور دبئی پہنچنے پر بھی مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا اور وہ نتیجہ آنے تک قرنطینہ کرینگے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں59لاکھ15ہزار سے زائد ہو گئیں۔اردن کے وزیراعظم بشرالخصاونہ مصر کے سرکاری دورے کے موقع پرکورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ پی سی آر ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ کے بعد اردنی وزیراعظم نے مصری صدرعبدالفتاح السیسی سمیت مصر میں تمام سرکاری ملاقاتیں منسوخ کر دیں اور اردن واپس آنے کے بعد اپنے گھرمیں قرنطینہ میں رہیں گے ۔