لاہور،اسلام آباد ،پشاور،کراچی ، واشنگٹن ( جنرل رپورٹر ،سپیشل رپورٹر ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبر نگار خصوصی، خصوصی نیوز رپورٹر،92نیوز رپورٹ ، نیوزایجنسیاں )ملک میں کورونا کے مزید 74 مریض انتقال کرگئے جبکہ 3048نئے کیس سامنے آئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق 24گھنٹوں میں کورونا کے 62061 ٹیسٹ کیے گئے ، مثبت کیسز کی شرح4.96 فیصد رہی۔ مصدقہ مریض900552،اموات 20251 ہوگئیں۔ ہسپتالوں میں 4800 مریض زیر علاج ، 536وینٹی لیٹرز پر ، فعال کیس62620 ہیں،4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ایک دن میں 3826 مریض صحتیاب ہوئے ۔ اسلامیہ کالج پشاور کے پروفیسر عبدالکبیر کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے ۔پنجاب میں 901 نئے کیس جبکہ 29 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔1420 مریض صحتیاب بھی ہو ئے ۔لاہورمیں 314مزیدمتاثر جبکہ 6مریض چل بسے ۔ لاہور سمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے مختص 1019 وینٹیلیٹرز میں سے 372 زیر استعمال ہیں۔لاہور میں بغیر ماسک ڈرائیونگ پر مزید 6435 گاڑیوں کا چالان جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 64 وہیکلز بند کر دی گئیں ۔کینٹ کے مختلف علاقوں میں آرمی، رینجرز ،پولیس نے فلیگ مار چ کیا ۔بیدیاں روڈ پر5فارم ہائوس ،سپورٹس کمپلیکس، 21 دکانیں سیل جبکہ 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔سیل توڑنے پر ایک فارم ہائوس کے انچارج کوگرفتار کر کے ایف آئی آر کا اندراج بھی کرا دیا گیا ۔ایک بینکوئٹ ہال اور جوہر ٹائون میں ہوٹل بھی سیل کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے عید کے بعد صوبے میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ، صورتحال تشویشناک ہے ، کئی ہسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی ۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا سندھ میں ایک ہفتے کے دوران 8.37 فیصد کیس مثبت آئے ، کراچی میں شرح 13 فیصد اور حیدرآباد میں 10فیصد سے زیادہ رہی ہے ۔تمام سکول اور کالج مزید دو ہفتے بند رہیں گے ۔بازار 6 بجے بند ہوجائیں گے ، ہوٹلوں پر صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کھلی رہے گی۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے چیمبر آف کامرس، وکلا ،تاجر، صحافی تنظیموں، لیبر یونین ، اساتذہ اور مختلف تنظیموں کی ویکسی نیشن کیلئے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا مختلف شعبوں کی تنظیموں کو ساتھ ملا کر ویکسی نیشن مہم کو مزید متحرک کیا جائے گا۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے یومیہ پانچ لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کورونا سے بچا ئوکا واحد راستہ ہے ۔ ملک میں پچاس لاکھ افراد کو ویکسین لگا دی گئی۔ عوام کو ایسٹرا زینیکا ویکسین پر بھروسہ کرنا چاہئے جو مضر نہیں ۔ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں سیاحتی مقامات پر ایس او پیز کے اطلاق کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ،این سی او سی نے شہریوں سے محفوظ سیاحت پالیسی اپنانے کی اپیل کی ااور کہا ایس او پیز کے یقینی نفاذ کیلئے حکمت عملی کا جامع نظام تیار کر لیا گیا، اجلاس میں ان بائونڈٹریول پالیسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ادھر دنیامیں متاثرین16.74 کروڑ جبکہ ہلاکتیں 34.75لاکھ سے بڑھ گئیں ۔ بھارت میں 222835 کیس جبکہ 4455ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی اموات 3لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔انگلینڈ میں ابتک کووڈ19 کی پانچ کروڑ سے زیادہ ویکسینز دی جا چکی ہیں۔